اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب اور وائس چیئرمین عبدالحمید لون سے ایک ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر روایتی نعرہ بازی سے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کے دکھ درد کے تدارک کیلئے مشکل فیصلے کئے جائیں اور ان کی آزادی کیلئے نئے آپشنز پر غور کیا جائے ۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی اور جذباتی نعروں سے ہٹ کر اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور قومی اداروں کو بھی ہم آہنگ ہو کر ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا اور ایک مقصد کی نشاندہی کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔اس موقع پر غزالہ حبیب نے کہا کہ ہم دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کاوشیں کرتے رہیں گے اور اس حوالے سے پاکستانی حکومت اور قوم کو بھی نئے آپشنز پر غور کرنا چاہیے ۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چودھری سالک حسین بھی موجود تھے ۔
مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا ،چودھری شجاعت








