چکوال(ممتازنیوز) مشہورکاروباری وسماجی شخصیت وقارظفر بختاوری چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات برا ئے سال2022-23میں بلامقابلہ صدر، عمر سمیع سینئر نائب صدر اور احمد فاروقی نائب صدر منتخب ہوگئے۔گزشتہ روز ہونیوالے انتخاب کے بعدچیمبرکے الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق کسی بھی امیدوار نے بلامقابلہ منتخب ہونیوالے عہدیداروں کے خلاف کاغذات نامزدگی داخل نہیں کرائے ،انتخاب میں کامیابی پر نو منتخب صدر چکوال چیمبر آف کامرس وقار ظفر بختاوری نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے تاجروں کی عزت اور وقار اضافہ کرنے کے ساتھ انہیں معاشرے میں رول ماڈل بنائیں گے۔وقار بختاوری نے کہا کہ وہ جلدہی چکوال میں چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کی ترقی اور فلاح وبہبود کے لئے اپنے وژن کااعلان کریں گے اور اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر چکوال کو ایک جدید صنعتی ترقی کاحامل شہربنانے میں اپنا بھرپورکردار اداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ چکوال میں سیاحت کے لامحدود مواقع موجود ہیں جنہیں ترقی دینے کی ضرورت ہے۔چکوال چیمبر کے زیر تعمیر بلڈنگ کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چکوال صنعتی اور تجارتی حوالے سے ابھی تک آگے نہیں بڑھ سکا۔اس شہرمیں معاشی وصنعتی سرگرمیوں کے لئے کافی مواقع موجود ہیں ۔انہوں نے کہ چکوال کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر وہ وہ چکوال چیمبر آف کامرس کو ایک باوقار اور اہم ادارہ بنائیں گے جس سے چکوال میں صنعتی ترقی کا ایک نیادورشروع ہوگا۔وقار بختاوری نے کہا موٹروے پر اہم ترین جغرافیائی لوکیشن کے باوجود ابھی تک انڈسٹریل اسٹیٹ قائم نہیں کی جا سکی اور اس کے ساتھ ساتھ چکوال میں تعمیر شدہ ڈیم کے پانی کو زیر استعمال لانے کی ضرورت ہے اور کئی نئے ڈیمز بنا کر زرعی انقلاب پیدا کیا جا سکتا ہے۔مختلف تجارتی وعوامی حلقوں نے وقارظفر بختاوری کے صدر منتخب ہونے پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اپنی روایت کوبرقراررکھتے ہو ئے وقار ظفربختاوری چکوال کی بزنس کمیونٹی کے لئے اپنا بے مثال کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب چکوال چیمبرآف کامرس کے سابق صدور قاضی محمد اکبر،خواجہ عارف، خرم کامران،شہزاد سعادت،حاجی نذیر سلطان، ملک غلام مرتضی، نور سلطان حفیظ انجم، عامر نجیب بھٹہ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ چکوال میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔










