اسلام آباد(ممتازنیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے سے پاک ارجنٹائن تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی سے پیر کو ارجنٹائن کے سفیر لیوپولڈو ساہورس نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ارجنٹائن کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات باہمی اعتماد و احترام اور دو طرفہ تعاون پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاکستان ارجنٹائن پارلیمانی دوستی گروپ دونوں دوست ممالک کے مابین مستحکم پارلیمانی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا ججاسکتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مراعات کو متعارف کرا رہی ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے ، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین (IPU) کے آئندہ اجلاس جو رونڈا میں منعقد ہوگا میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے ایمرجنسی قرارداد پیش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا جائے گا کہ وہ ترقی پذیر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔پاکستان میں ارجنٹائن نے کہا کہ ارجنٹائن بھی پاکستان سے اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور باہمی معاشی و پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا اور پارلیمنٹری وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بحران سمیت دیگر چیلنجوں پر قابو پانے میں پاکستان کو اپنی حکومت کی جانب ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے سیلاب کے دوران بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
پارلیمانی تبادلوں، معاشی تعاون و عوامی سطح پر رابطوں سے پاک ارجنٹائن تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،سپیکرقومی اسمبلی








