بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عوا م حکمرانوں سے مہنگائی کا بدلہ 16اکتوبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر لیں گے، مہربانو قریشی

ملتان(مقبول حسین)این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہربانو قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والے اقتدار پر قابض ہیں، مہنگائی نے غریب کا جینا محال کردیا ، عوام میں بجلی کے بل ادا کرنے کی سکت نہیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے، ملکی معیشت زوال پذیر ہے، عمران خان ہی پاکستان کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔این اے 157 کی عوام مہنگائی کا بدلہ 16اکتوبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر لیں گے، عوام نے پہلے بھی ضمنی انتخاب میں ان لوگوں کو مسترد کیا اور این اے 157 سے بھی ان لوگوں کو مسترد کرنے کا پیغام جائے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک 1T شمالی، یونین کونسل چٹھہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یونین کونسل چٹھہ میں 9مقامات پر خواتین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الیکشن مہم کے دوران مہر بانو قریشی حلقے کی خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں۔ خواتین کی جانب سے مہر بانو قریشی کے این اے 157 ضمنی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لینے پر خوشی کا اظہارکیا۔تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے مہر بانو قریشی نے کہا پی پی‘ ن لیگ دونوں جماعتو ں نے ایک طویل عرصے تک ملک میں حکمرانی کی۔ دونوں جماعتوں نے باری کی سیاست کی۔ ملک کو لوٹا‘ بیرون ملک جائیدادئیں بنائیں‘ غیر ملکی اکاؤنٹس کھولے‘ عمران خان ملکی سیاست میں آئے۔انہوں نے باری کی سیاست کا جمود توڑا۔ پاکستان کے عوام دونوں جماعتوں کی قیادت کی کرپشن کی وجہ سے ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔ انہیں متبادل قیادت کی تلاش تھی ا ب انہیں عمران خان کی شکل میں متبادل قیادت میسر آگئی ہے جس پر وہ اعتماد کرتے ہیں۔ عوام کی امیدوں کا واحد مرکز اللہ تعالیٰ کے بعد عمرا ن خان کی ذات ہے۔ اور پوری قوم کی نظریں عمران خان کی طرف ہیں۔ عمران خان ہی ملک کو مشکل بھنور سے نکال کر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا قوم نے ذہن بنا لیا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ اور انہیں ایک بار پھر ملک کا وزیراعظم بنانا ہے۔ عمران خان وزیراعظم بن کر عوام دوست پالیسیاں جو کہ عوام دشمن حکمرانوں نے بند کردی تھیں دوبارہ اسی جوش و جذبہ سے شروع کریں گے کیونکہ عمران ملک اور پاکستان کے لئے مخلص ہیں۔ انہیں قوم اور ملک کی فکر ہے۔ جب کہ چوروں کا ٹولہ مفادات کی سیاست کررہا ہے۔ انہیں اپنے اقتدار کو طول دینے کی فکر ہے۔ عوام کے مسائل اور پریشانیوں سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔انہوں نے کہا میرا تعلق اسی وسیب سے ہے اور میں آپ میں سے ایک ہوں۔ میرے خاندان کا یہاں کی عوام سے دیرینہ تعلق ہے۔ اسی تعلق کی تجدید کیلئے آپ کے پاس آئی ہوں۔ این اے 157 کے ووٹرز باشعور ہیں، وہ نظریہ اور مفاد میں فرق سمجھتے ہیں۔ انشاء اللہ یہاں کے عوام مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے بلے پر ٹھپہ لگا کر امپورٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیجنے کی راہ ہموار کریں گے۔16 اکتوبر کو بلے کے نشان اور عمران خان کی جیت ہوگی۔ انہوں نے خواتین سے درخواست کی کہ 16 اکتوبر کو بلے پر مہر لگا کر عمران خان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مہر بانو قریشی نے 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا منشور پیش کیا۔اس موقع پر علاقے کی بزرگ خواتین نے خصوصی شرکت کی اورمہر بانو قریشی کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔ یونین کونسل آمد پرعلاقہ مکینوں کی جانب سے مہر بانو قریشی کا بھرپور استقبال کیا گیا اور ضمنی الیکشن میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔