بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کینیڈین شہریوں کو پاکستان سے متصل بھارتی ریاستوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

اوٹاوا(ممتازنیوز) کینیڈین حکومت نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیرمتوقع سکیورٹی صورتحال اور بارودی سرنگوں کی موجودگی کی وجہ سے اُن بھارتی ریاستوں کے سفر سے گریز کریں جو پاکستان کی سرحد سے متصل ہیں۔ کینیڈین حکومت کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزری یعنی سفری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست گجرات، پنجاب اور راجستھان میں پاکستان کی سرحد کے قریب 10 کلومیٹر کے اندر علاقوں کا سفر نہ کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی سطح میں اچانک کسی بھی قسم کی تبدیلی رونما ہو سکتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفر کرتے وقت آپ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے عہدیداروں کو اگر معلوم ہو جائے کہ آپ نے حال ہی میں کسی ایک ملک کا سفر کیا ہے تو آپ سے پوچھ گچھ ہو سکتی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھی صورتحال غیرمستحکم ہے۔
کینیڈین حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ ’دہشت گردی کے خطرے‘ کے پیش نظر بھارت میں احتیاط برتیں اور مقبوضہ کشمیر سمیت آسام منی پور اور مشرقی بھارت میں ماؤ نواز عسکریت پسندوں کی موجودگی کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
کینیڈین حکومت نے انڈیا کا سفر کرنے والی خواتین کو ہدایت کی ہے کہ غیرملکی خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اس لیے گوا اور دہلی کے شہروں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ، یوگا سینٹرز، آشرم اور دیگر مقامات پر بھی ہوشیار رہیں۔
واضح رہے کہ نئی دہلی نے 23 ستمبر کو کینیڈا میں رہائش پذیر اپنے شہریوں اور طلبہ کے لیے بھی ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بڑھتے ہوئے جرائم اور انڈین مخالف سرگرمیوں سے متعلق چوکنا رہیں۔