ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ریاض فتیانہ نے کہاہے کہ پنجاب کی عوام نے 17جولائی کو پی ڈی ایم پر عدم اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کو تاریخی کامیابی دلائی۔ اسی طرح16اکتوبر کو پنجاب کے ضمنی انتخابات بلخصوص این اے 157 ملتان‘ خانیوال‘ بہاولنگر اور شیخوپورہ کے ضمنی انتخاب میں بھی تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی ملے گی۔ تحریک انصاف کے ورکرز اور تمام ونگز نے 17جولائی کے ضمنی انتخابات میں جس طرح پی ٹی آئی امیدوارو ں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اسی طرح ایک بار پھر اسی جوش و جذبہ سے فسطائی حکومت کا مقابلہ کرکے چوروں او رلٹیروں کو شکست دیں گے۔ 16اکتوبر کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام کی طرف سے مسترد کرنے کا پیغام جائے گا۔ تحریک انصاف ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم کے امیداوروں کا بھر پور مقابلہ کریگی۔ سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ فسطائیت اور بوسید ہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے 16اکتوبر کو عوام بلے پر مہر لگائیں گے۔اور پی ڈی ایم کو ایک مرتبہ پھر شکست دیں گے۔ ضمنی انتخاب والے اضلاع میں پارٹی کے تمام ونگز پی ٹی آئی امیدواروں کی کامیابی کیلئے سر توڑ کوششیں کریں۔ کامیابی پی ٹی آئی کا مقدر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مخدومزادہ زین حسین قریشی، ملک عامر ڈوگر، مخدوم ہاشم جواں بخت، سردار علی رضا دریشک، سید حسین جہانیاں گردیزی، فیصل خان نیازی، خالد جاوید وڑائچ، ملک عدنان ڈوگر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کوعوام کی کوئی فکر نہیں۔ انہیں اپنے اقتدار کو طول دینے اور اپنے خلاف قائم مقدمات ختم کرنے کی فکر ہے۔ جس میں وہ کامیاب ہو گئے ہیں۔ مریم نواز کو این آر او مل گیا۔ جس پر پوری قوم میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اسحاق ڈار چوتھی مرتبہ وزارت خزانہ کے منصب پر ایک بار پھر مسلط کئے گئے۔ پوری قوم جانتی ہے ملکی معیشت کا بھٹہ اسحاق ڈار صاحب بٹھا گئے۔ اور جس حالت میں ملکی معیشت کو چھوڑ گئے وہ قوم کے سامنے ہے۔ اپنے غیر ملکی آقاؤں سے ساز باز کرکے ایک بار پھر ملک میں آگئے ہیں۔ ایک وزیراعظم انہیں اپنے طیارے میں ملک سے باہر لے گئے۔ دوسرا وزیراعظم اپنے طیارے میں انہیں واپس لایا۔ قوم حیران اور پریشان ہے اس ملک میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا این اے 157 سمیت پنجاب کا ضمنی انتخاب دو نظریوں کا انتخاب ہے۔ ایک نظریہ عمران خان کا نظریہ جو ملک بچانے نکلے ہیں۔ دوسرا نظریہ چوروں اور لٹیروں کا نظریہ ہے۔ جو ملکی مفاد کی نہیں بلکہ ذاتیات اور مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر الیکشن ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے ملتان آیا ہوں اس حوالے سے پارٹی کے تمام ونگز کے سربراہان اور پارٹی کارکنوں کو چیئرمین عمران خان کا پیغام دے دیا ہے۔ جہاں جہاں ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ وہاں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے رابطہ میں رہیں۔ ان کی الیکشن کمپیئن میں بھر پور حصہ لیں۔ خواتین ونگز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہر بانو قریشی کی کامیابی کیلئے ڈور ٹو ڈور جائیں اور چیئرمین عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انصاف لائرز فورم کے عہدیدادروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولنگ کے دن مقررہ کردہ پولنگ سٹیشنوں پر موجود رہیں اور اس امر کی نگرانی کریں کہہ کوئی بھی شخص غیر قانونی طور پر پولنگ بوتھ میں پولنگ ماحول کو خراب نہ کرے۔ پولنگ شفاف طریقے سے ہو اور پولنگ میں کوئی خلل نہ ڈالے۔ تمام پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پولنگ کے عمل کی نگرانی کریں۔ کوشش کریں کہ پولنگ پر امن ماحول میں ہو۔ زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام کو گھروں سے لائیں تاکہ وہ اپنے قیمتی حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات سے متعلق امور اور مسائل پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں این اے 157 ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ارکان کی پارٹی تنظیم سازی، الیکشن کمپئن، پولنگ ڈے اور پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمدکے حوالے سے گفتگو کی گئی#
فسطائی حکومت کا مقابلہ کرکے چوروں او رلٹیروں کو شکست دیں گے،ریاض فتیانہ








