ملتان (مقبول حسین)ایوان صنعت وتجارت ملتان کے نومنتخب عہدیداروں نےاپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، نومنتخب صدر میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی،بےروزگاری،روپے کی قدر میں کمی،بجلی اور گیس کے بحران سمیت انرجی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سیلاب کے بعد پیدا شدہ مسائل کا سامنا ہےجس کی وجہ سے پاکستان بالخصوص جنوبی پنجاب کی کاروباری برادری کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، انڈسٹری ٹریڈ اور خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر کو سخت جدوجہد سے گزرنا پڑ رہا ہے، اس ضمن میں ہماری ٹیم خطہ کی معاشی و سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ کاروباری حالات کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی اور ہم باہمی مشاورت اورسینئرز ممبران کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان کرنے کے بعد اتوار کو ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نومنتخب صدر میاں راشد اقبال،سینیئر نائب صدر ندیم احمد شیخ اورنائب صدر شیخ محمد عاصم سعید سمیت دیگر عہدیداروں نے چارج سنبھالا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر میاں راشد اقبال نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پالیسیوں کا تسلسل برقرار نہیں اور کاروباری برادری کو کاروبار جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے،حالیہ سیلاب سے جہاں دیگر فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا وہاں کپاس کی فصل بھی تباہ ہو کر رہ گئی،سیلاب کا پانی نہ اترا تو گندم کی فصل پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔۔
میاں راشد اقبال نے کہا کہ ارباب اختیار تک کاروباری برادری کی آواز پہنچائیں گے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے لیے کام کریں گے، حکومت سے روابط بڑھائیں گے خاص طور پر ٹیکس قوانین میں تبدیلی اور کاروباری برادری کے لیے آسان ٹیکسیشن کی بھرپور کوشش کریں گے جبکہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پر بھی کام کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ایوان کی سبکدوش ہونیوالی ٹیم نے خواجہ محمد حسین کی قیادت میں بہترین امور سرانجام دینے اور مناسب حکمت عملی کے ساتھ ذمہ داری نبھائی خاص طور پر سی ایس آر سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں سرانجام دیا ۔
سبکدوش ہونے والے صدر خواجہ محمد حسین نے اپنی سال بھر کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور خطاب کرتے کہا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان کا عہدہ صدارت کسی چیلنج سے کم نہیں،ایک سال کے عرصے میں کاروباری مسائل کو سمجھنا اور ان مسائل کے حل کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کرنا خاصا مشکل عمل ہے،ہماری ٹیم کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑاتاہم ہماری ٹیم نے محنت اور ایمانداری سے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اور خطے کی صنعتی و معاشی اور زرعی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے۔
انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کے لیے ملتان کو مرکزی حیثیت دی جائے۔برآمدکنندگان کو ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ہرممکن مراعات دی جائیں۔بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں سہولت ہو سکے خاص طور پر پانچ بڑی برآمدی صنعتوں پر بجلی کی قیمت کو حسب سابق 9 سنٹ پر جاری رکھا جائے۔شعبہ زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ شعبہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ انرجی بحران پر قابو پانے کے لیے رینیوایبل انرجی کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔سولر انرجی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان زیادہ سے زیادہ لوگوں تک قرضہ جات کی ترسیل کے لیے بینکوں کی لمٹ بڑھائے۔حکومت ای کامرس کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرے اس کے ساتھ ساتھ ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے بھی حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔
اس تقریب میں میاں تنویر اے شیخ ،خواجہ محمد یوسف ،محمد خان سدوزئی ،خواجہ محمد عثمان ،خواجہ محمد فاضل ،خواجہ محمد یونس ،سید افتخار علی شاہ ،میاں عطاء شفیع تنویر ،مسز رومانہ تنویر شیخ ،رابعہ شہزاد ،عالیہ حسین ،اعظم چوہدری ،فہیم ستار ،شیخ محمد علی امجد ،شیخ امجد ودیگر نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ۔شفیق پتافی ،ادریس احمد شیخ ،عزیز احمد شیخ ،رمضان بھٹہ سیکرٹری جنرل محمد شفیق سمیت سابق صدور ،سینیئرز ممبران اور جنرل باڈی کے سینکڑوں ممبران نے بھرپور شرکت کی تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا ۔
ملتان چیمبر آف کامرس کے نومنتخب عہدیداروں نےذمہ داریاں سنبھال لیں،تاجربرادری کی آواز ارباب اختیارتک پہنچانے کا عزم








