ینگون(ممتازنیوز) میانمار میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں زمین سے فائر کی گئی گولی اُڑتے جہاز میں بیٹھے ہوئے مسافر کو جالگی۔
میانمار کے سرکاری ٹیلی ویژن ایم آر ٹی وی کے مطابق میانمار کی قومی ایئر لائن کا طیارہ، جس میں 63 مسافر سوار تھے اس وقت ایک گولی کا نشانہ بنا جب وہ مشرقی ریاست کیاہ کے دارالحکومت لوئیکا میں لینڈ کرنے والا تھا۔
میانمار کی حکمراں فوجی کونسل کے ترجمان میجر جنرل زاؤ من تون نے الزام لگایا کہ یہ فائرنگ کیرنی نیشنل پروگریسو پارٹی سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کی جو حکومت کے خلاف لڑنے والی ڈیفنس فورس کے اتحادی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بظاہر گولی طیارے کو چیرتےہوئے کھڑکی کے قریب بھیٹے مسافر کے کان پر لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں زخمی مسافر کو ٹشو پیپرز اپنے خون سے لت پت کان پر رکھے ہوگئے دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق زخمی مسافر کو طیارہ لینڈ ہونے کے بعد اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
میجر جنرل زاؤ من تون نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مسافر طیارے پر اس قسم کا حملہ جنگی جرم ہے،جو لوگ اور تنظیمیں امن چاہتے ہیں انہیں اس معاملے کی ہر طرف سے مذمت کرنا ہوگی۔
دوسری جانب میانمار نیشنل ایئر لائنز نے اعلان کیا کہ شہر کے لیے تمام پروازیں غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی گئی ہیں۔
زمین سے فائر کی گئی گولی اُڑتے جہاز میں بیٹھے مسافر کو جالگی








