بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نا کافی ثبوت پر عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا، فیاض چوہان  

اسلام آباد(ممتازنیوز) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نا کافی ثبوت پر عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا ہے۔
فیاض چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تنگ نظر، کم نظر، کم فہم اور کم دانش وزیر اعظم نے پوری دنیا میں پاکستان کو تضحیک کا نشانہ بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے 100 ارب روپے کے پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آغاز کر دیا ہے، اس پروگرام سے 80 لاکھ خاندانوں کو ریلیف ملے گا جبکہ پراپرٹی ٹرانسفر فیس جو پہلے بہت زیادہ تھی اب صرف ایک فیصد کر دی گئی ہے جس سے پنجاب کو زیادہ سے زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی۔
فیاض چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کا افتتاح کر دیا ہے اور ہیلتھ کارڈ پروگرام میں پیچیدہ لیور سرجری کو شامل کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 43 جیلوں کے ہسپتالوں کے انتظامات محکمہ صحت کے سپرد کر دیئے گئے ہیں جبکہ قید بچوں کے لیے جمنیزیم اور سپورٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جی او آر میں 8،8 کنال کے کشادہ گھر موجود ہیں اور ان گھروں کی خالی جگہوں پر افسران کے لئے بہت سارے نئے فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کے لئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو ایک روپیہ تک نہیں دیا، پنجاب حکومت کو وفاق نے 146 ارب روپے کے واجبات ابھی تک نہیں دیئے، وفاقی حکومت نے جان بوجھ کر پنجاب حکومت کے فنڈز روکے ہوئے ہیں تا کہ صوبہ پنجاب کو کھنڈرات میں تبدیل کیا جا سکے جبکہ فنڈز نہ ملنے کہ وجہ سے صحت کے پروگرام ، روڈ کی بحالی اور دیگر منصوبے رکے ہوئے ہیں اور گندم کا بحران پیدا کرنے کے لئے پنجاب کو گندم کی فراہمی میں رکاوٹیں بھی ڈالی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شو باز شریف ملک کے لئے تضحیک کا باعث بنے ہوئے ہیں، یہ وزیر اعظم کم ظرف، کم نظر اور کم فہم ہے جسکا آئی کیو لیول نہ ہونے کے برابر ہے، یہ باتیں انٹرنیشنل لیول کی کرتا ہے مگر اسکی تنگ نظری انتہا پر ہے۔
فیاض چوہان نے کہا کہ کرائم منسٹر نے پرویز الٰہی صاحب کے شروع کئے گئے بیسیوں پراجیکٹ جان بوجھ کر روکے جن کی لاگت کئی سو گنا بڑھ گئی ہے، پنجاب کی عوام سے دشمنی ان کی تنگ نظری اور چھوٹے پن کا مظاہرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عمران خان وزیر اعظم تھے تو انہوں نے برابری کی بنیاد پر تمام صوبوں کی ترقی کے لئے کام کیا، احساس پروگرام کے تحت سب کو برابری کی سطح پر وسائل فراہم کئے اور اپنے دور حکومت میں پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ سہولیات سندھ حکومت کو دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ جیسے جیسے قریب آ رہا ہے، مقتدر حلقوں اور گیارہ گیدڑوں کی جماعت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، لانگ مارچ انکی چھیڑ بنی ہوئی ہے، پنجاب ، سندھ، بلوچستان اور دوسرے صوبوں سے عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف مارچ کریگا تو انہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کو یا تو نا اہل کیا جائے یا گرفتار کیا جائے، جتنے مرضی سوالات اٹھا لیں کوئی ایک چیز بھی ایسی نہیں جس کی بنا پر عمران خان کو گرفتار کیا جا سکے، رانا ثناء اللہ جس کلے کے زور پر ٹاں ٹاں کر رہا ہے وہ جلد ٹوٹ جائیگا اور پی ڈی ایم نواز شریف کو جتنا مرضی اٹھا لے مگر وہ چوروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی خواہش لاڈلی بیگم صفدر کی ہے جس کا نہ دل لگ رہا ہے اور نہ داؤ لگ رہا ہے، اس لاڈلی بیگم صفدر کو اس کیس میں کلین چٹ ملی ہے جس پر اربوں روپے خرچ ہوئے، بعد میں انہوں نے ڈمی افسران لگا کر خود کو پاک صاف ثابت کیا ہے جبکہ میڈم لاڈلی کو پتا ہونا چاہئے کہ مصنوعی ناخن لگانا اور میک اپ کرنا، سیاست کرنے سے بہت مختلف ہے۔
فیاض چوہان نے کہا کہ مریم نواز پاکستان کی لاڈلی ہے اور اس کا ابا لاڈلہ مفرور نواز شریف باہر بیٹھا ہے، یہ لانگ مارچ کے انقلاب سے ڈری ہوئی ہے اور اب باہر بھاگنا چاہتی ہے، یہ چاہتی ہے کہ چمڑی بھی بچ جائے اور دمڑی بھی بچ جائے، اسے یہ پتا نہیں کہ انہوں نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں نے عوام کی چمڑی ادھیڑ کر رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکی ذاتی کنیزی ہر وقت سائفر سائفر کرتی رہتی ہیں، سادھو قسم کے کرائم منسٹر کو پتا ہونا چاہئے کہ سائفر کہاں غائب ہوا ہے، سائفر کے گم ہونے کا زمہ دار شہباز شریف ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض چوہان نے مزید کہا کہ سائفر کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور اسکی تحقیقات ہونی چاہیئں۔