اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آبادہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت سے 10 لوگ پورے نہیں ہو رہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نیوٹرل لفظ کا آج کل بڑا چرچا ہے، نیوٹرل لفظ نے ایک شخص کی ہوا نکال دی ہے۔سیخ پا ہو کر مچھلی کی طرح تڑپنے کی ضرورت نہیں،نیوٹرل ہونا کیاہے؟ نیوٹرل ہونا آئین کی پاسداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پارٹی کا شیرازہ بکھر گیا ہے، حکومت کی گنتی تو 2018میں بھی پوری نہیں تھی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی حکو مت کی گنتی پوری نہیں تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ کیا حکومت چاہتی ہے کہ کوئی مخالفین کو جیل میں ڈال دے ؟ آپ نےنیب،ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کونیوٹرل نہیں رہنے دیا، آپ چاہتے ہیں آپ کیلئےکوئی آپ کے مخالفین کوسزائیں دلوائے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ گیم از اوور،آپ ہار چکے ہیں، کبھی کہتے ہیں غیر ملکی سازش ہے تو کبھی کہتے ہیں چور اکھٹے ہوئے، مچھلی کی طرح تڑپنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،لاقانونیت اور گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ، پی ٹی آئی کے ایم این ایز اورایم پی ایز اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے، حکومت سے 10لوگ پورے نہیں ہو رہے۔









