بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آرٹیکل 62ون ایف مکمل ختم کرنے کے حق میں ہوں، وزیر قانون

کراچی(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ آرٹیکل 62ون ایف مکمل طور پر ختم کرنے کے حق میں ہوں، تاحیات نااہلی قانون ختم کرنے کا یہ بہترین وقت ہے، فواد چوہدری گورنر سندھ کی تقرری پر بات کرنے سے پہلے اپنے ٹکٹوں پر بھی نظر ڈال لیں۔ صدر اسلام آباد ہائیکورٹ شعیب شاہین نے کہا کہ آڈیو لیکس سے کسی کو سیاسی نہیں، ملکی سلامتی کو نقصان ہو گا، آڈیو لیکس پر آزادانہ تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی بنائی جائے جس پر سب کا اتفاق ہو۔جی ڈی اے کے رہنما غوث بخش مہر نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کی گفتگو ٹیپ اور لیک ہونے پر جے آئی ٹی بننی چاہئے، دسمبر سے پہلے کچھ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے، دسمبر کے بعد ہوا چلے گی اس میں پتا چلے گا خوشبو آئے گی یا بدبو آئے گی۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ خالد مگسی نے درست کہا ہے وزراء کو وقفہ سوالات میں پارلیمنٹ میں موجود ہونا چاہئے، پارلیمان میں اپنے محکموں سے متعلق ایم این ایز کے سوالوں کے جواب دینا چاہئیں، عمران خان کو آڈیو لیکس پر بات کرتے ہوئے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، عمران خان نے اپنے دور میں نیب اور جیل کے سیلوں میں بھی کیمرے لگوائے ہوئے تھے، آڈیو لیکس پر کابینہ نے جے آئی ٹی بنادی ہے، ہمیں ہر بات میں عدالت کو درمیان میں لانے سے نکلنا ہوگا، اگر حکومت نے تحقیقاتی اداروں کو اسائنمنٹ نہیں دینی تو پھر دال سبزی کے نرخ طے کیا کرے۔