بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد: او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس کا آغاز ہوگیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل (سی ایف ایم) کا 48 واں اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز اور ابھرتے ہوئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں پہنچ گئے، وزیر اعظم اجلاس کے ابتدائی سیکشن سے خطاب بھی کریں گے۔اجلاس مسلم ممالک کی 57 رکنی کونسل کا دو روزہ سالانہ اجلاس ’اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری کی تعمیر‘ کے موضوع کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔

اجلاس میں وزارتی سطح پر تقریباً 46 رکن ممالک کی نمائندگی کی جارہی ہے، باقی کی نمائندگی اعلیٰ حکام کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں اجلاس کے شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد، انصاف اور ترقی‘ کے مرکزی موضوع کے تحت او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل میں وسیع پیمانے پر بات چیت ہوگی۔

او آئی سی اجلاس سے متعلق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ چین، مسلم امہ سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔پاکستان کے حاسد اوآئی سی کانفرنس کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اب بھی او آئی سی کانفرنس کو ناکام بنانے کے لئے دن رات کوشش کررہا ہے ۔اللہ کی مدد شامل حال ہے انشااللہ او آئی سی کانفرنس ضرور کامیاب ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو خدشہ ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گاانہوں نے کہا کہ ہم نے اس کانفرنس میں مسلم امہ کی توجہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی جانب مبذول کروانی ہے۔