بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد منظور ہونا امت مسلمہ کی بڑی کامیابی ہے، سعودی وزیر خارجہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کیلئے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے۔

سعودی وزیر خارجہ نے او آئی سی وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس سلسلے میں مزید کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب او آئی سی کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانا چاہتا ہے، ہمیں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل کو یقینی بنانا ہو گا، افغانستان پر او آئی سی ٹرسٹ فنڈ قائم ہوا اور نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا، افغانستان کے عوام کی خستہ حالی اور بحرانی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے بہت اقدامات درکار ہیں، افغانستان دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے، انسانی حقوق کا احترام کرے، افغانستان میں استحکام کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کو یقینی بنایا ہوگا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ کھرے ہیں، یمن میں حوثی گروپ اسلحہ کی اسمگلنگ ختم اور حملے بند کرکے بحری سلامتی یقینی بنائے، یمن کو انسانی ہمدردی کے تحت ہر ممکن امداد کی فراہمی یقین بنا رہے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل نکالا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔