بھارتی گجرات(شوبز ڈیسک) آسکر کے لئے نامزد ہونے والی گجراتی فلم ’چھیلو شو‘کے چائلڈ آرٹسٹ راہل کولی کا 15 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسکرز میں آئندہ برس بھارت کی نمائندگی کرنے والی گجراتی فلم چھیلو شو( دی لاسٹ شو) میں کلیدی کردار ادا کرنے والے راہل کولی کا کینسر کے باعث انتقال ہوگیا ہے۔
راہل کی عمر 10 سال تھی اور وہ ان چھ بچوں کے اداکاروں میں سے ایک تھے جو اس فلم میں اہم کردار ادا کرتے نظر آرہے ہیں۔
یہ فلم 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے لیے بھارت کی باضابطہ انٹری ہے۔
رپورٹس کے مطابق آنجہانی چائلڈ آرٹسٹ کو بار بار بخار اور خون کی الٹیاں آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، ان کے والد نے بتایا کہ راہل کی فلم ریلیز ہونے والی تھی اور اس نے 14 اکتوبر کو تھیٹر میں فلم دیکھنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن فلم کے بڑے پردے پر آنے سے پہلے ہی وہ چل بسا۔
راہل کے والد رامو کولی نےبھارتی ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ ’ دو اکتوبر کو راہل نے ناشتہ کیا اور اس کے کچھ دیر بعد اسے بخار آیا۔ راہل نے تین بار خون کی الٹیاں کیں اور اس کے بعد میرے بچے کی موت ہوگئی، ہمارا خاندان تباہ ہوگیا‘۔









