ملتان(مقبول حسین) سابق وزیراعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر پاکستان عارف علوی کے اس بیان نے کہ’’ سائفر کو سازش نہیں سمجھتا ‘‘ نے عمران خان کے بیانیہ کو زمین بوس کردیا ، الیکشن کمیشن کی طرف سے ضمنی انتخابات کو ملتوی نہ کرنے کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ ڈالر،پٹرولیم مصنوعات اور گھی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی وجہ پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے ۔ مشکلات میں پھنسے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر پی ڈی ایم حکومت کی کوششیں جاری ہیں لیکن افسوس ناک امر یہ ھے کہ عمران خان پاکستان میں افراتفری و معاشی عدم استحکام پھیلانے کے لئے لوگوں سے حلف لیتے پھر رہے ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سستی بجلی مہنگائی کم کرنے کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔تھر کول فیز ٹو جیسے میگا پراجیکٹس کا آغاز ،وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جس عزم کا اظہار کیا ہے اس سے جلد ھی نہ صرف مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا بلکہ عوام کو ھر طرح کا ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا۔ عمران خان اور تحریک انصاف کو اصل خوف ھی یہی ہے کہ مشکل فیصلوں کے بعد حکومت اس پوزیشن میں آگئی ھے کہ عوام کو ریلیف فراہم کر سکے ۔ عمران خان پاکستان میں سیاسی انتشار پیدا کرنا چاھتے ھیں تاکہ معاشی استحکام نہ لایا جاسکے۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست بچانے کے لئے فرنٹ فٹ پر آکر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ۔ دوسری طرف عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر اداروں پر رقیق حملے اور ٹرینڈز چلواۓ، عالمی ڈونرز کو سیلاب زدگان کی امداد سے روکنے کی مذموم کوششیں کیں،عوام میں سیاسی انتہا پسندی اور نفرت پھیلائی لیکن انکی تمام سازشوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے سب کچھ بے نقاب ھو چکا ھے جسکی وجہ سے ضمنی انتخابات میں علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے۔ ہمارے عملی اقدامات کو ھمیشہ عوام نے سراہا ہے۔ ملتان سمیت اس خطے کے لئے جتنے ترقیاتی منصوبے ھم لیکر آئے اس کا یہ موازنہ ھی نہیں کرسکتے۔ موسیٰ گیلانی اب بھی قومی اسمبلی میں جاکر این اے 157 اور ملتان کے لئے میگا پراجیکٹس لائے گا انکو تو یہ بھی کلیئر نہیں کہ الیکشن لڑ کیوں رھے ھیں۔ 16 اکتوبر علی موسیٰ گیلانی کی جیت اور سازشیں کرنے والوں کی شکست کا دن ثابت ہوگا۔
سائفر سے متعلق صدر علوی کے بیان نے عمران خان کے بیانیہ کو زمین بوس کردیا ،یوسف رضاگیلانی








