کراچی(نیوز ڈیسک) وفاق سے گورنر شپ کے بعد سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں شمولیت کی پیش کش کی ہے، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے دونوں جماعتوں کے بعض رہنمائوں کے درمیان ابتدائی بات چیت مکمل ہوگئی ہے، جس کے بعد دو تین دن میں دونوں جماعتوں کے بڑے رہنمائوں کے مابین اس بارے میں حتمی بات چیت ہوگی.
ایم کیو ایم نے سندھ میں بلدیات کی وزارت کے اپنے پرانے مطالبے کو دہرایا ہے، ایم کیو ایم نے جن وزارت کے لئے بات چیت کی ہے ان میں یونیورسٹیز اینڈ بورڈ، آئی ٹی بھی شامل ہے تاہم اگر تین وزارتیں دی گئییں تو ایم کیو ایم کے سندھ کابینہ میں دو مشیر بھی شامل کئے جائیں گے جس میں قوی امکان ہے کہ وزارت کھیل کا شعبہ بھی دیا جائے گا
جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی اس حوالے سے بات چیت ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا گیا.
ایم کیو ایم اور پی پی کے درمیان اگلے چند روز میں ہونے والی ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی.
دوسری جانب ایم کیو ایم کے ایک ذمے دار رہنما نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دوسے تین روز اچھی خبریں سامنے آئے گی جو صوبے کے مفاد میں اہم ثابت ہوگی۔









