اسلام آباد( ملک نجیب ) وفاقی دارالحکومت کے نواحی علاقے گولڑہ میں گھر پر قبضے کےلئے والدین پر تشدد کرنے والا ناخلف بیٹا ساتھی سمیت گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گولڑہ پولیس کو ارشاد بی بی نے درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ تین سال قبل اس نے اپنے بیٹے آصف کی شادی کی اور اس کو اپنے ہی گھر میں رکھا لیکن بیوی کے کہنے میں آ کر بیٹے نے ایک سال قبل مکان پر قبضے کی خاطر تشدد کرنا شروع کر دیا اور اخراجات کے لئے رقم دینا بھی بند کر دی۔
گزشتہ روز بجلی کے بل کی ادائیگی کے لئے رقم مانگی تو بیٹے آصف نے اپنے برادر نسبتی عارف کے ساتھ گھر میں چھری سے وار کرنے کی کوشش کی آصف کے ہاتھ میں چھری تھی اور عارف کہہ رہا تھا کہ ان کو مار دو اور گھر پر قبضہ کر لو جس پر مشکل سے جان بچا کر ون فائیو پر کال کی اور پولیس نے موقع پر آ کر داد رسی کی ۔
ارشاد بی بی کے مطابق مجھے بیٹے سے کچھ نہیں چاہئے بس وہ یہ گھر چھوڑ کر اپنی بیوی کو لے کر یہاں سے چلا جائے ۔ آصف مدعیہ سمیت اپنے والد ملازم حسین اور اپنی بہنوں پر بھی تشدد کرتا ہے ۔
ایس ایچ او تھانہ گولڑہ شبیر تنولی کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ مقدمہ میں درج دفعات کے حوالے سے سینئر قانون دان میاں احمد خان کا کہنا ہے کہ 506ii میں ملزم کو 7 سال سزا ہو سکتی ہے جبکہ 337Ai میں دو سال تک سزا ہو سکتی ہے ۔
اسلام آباد ، گھر پر قبضے کیلئے والدین پر تشدد کرنے والا ناخلف بیٹا ساتھی سمیت گرفتار








