بیجنگ (شِنہوا) شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین آمدن کی تقسیم کا نظام بہتر بنائے گا، کام کے مطابق تقسیم اس کی بنیاد ہوگی اور اس کی متعدد شکلیں ہوں گی۔شی نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس کے افتتاحی اجلاس میں پیش کردہ ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ہم زیادہ کام کے لئے زیادہ تنخواہ کو یقینی بنائیں گے ۔ سخت محنت کے ذریعے خوشحالی حاصل کرنے میں لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یکساں مواقع کو فروغ د ینے کے ساتھ کم آمدن افراد کی کمائی میں اضافہ کریں گے اور درمیانی آمدن والے گروپ میں توسیع کریں گے۔شی کے مطابق آمدنی کی تقسیم اور دولت جمع کرنے کے ذرائع کو بہتر طریقے سے منظم کیا جائے گا۔اس موقع پر شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ ایک عشرے میں چین کی معاشی قوت میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔انہو ں نے کہا کہ گزشتہ ایک عشرے میں چین کا جی ڈی پی 540 کھرب یوآن سے بڑھ کر 1140 کھرب یوآن (تقریباً 160 کھرب امریکی ڈالرز) ہوگیا جو عالمی معیشت کے 18.5 فیصد کے مساوی ہے جو کہ 7.2 فیصد زیادہ ہے۔شی نے کہا کہ ملک دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے اور اس کی فی کس جی ڈی پی 39 ہزار 800 یوآن سے بڑھ کر81 ہزار یوآن ہوگئی۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ اناج کی پیداوار کے اعتبار سے چین دنیا میں اول نمبر پر ہے اور اس کا اشیا سازی کا شعبہ دنیا میں سب سے بڑا ہے، اسی طرح اس کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں۔










