بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

برطانیہ والے بھی لوڈشیڈنگ کیلئے ہو جائیں تیار، شدید سردیوں میں 3؍ سے 4؍ گھنٹے بجلی کی بندش کا اندیشہ

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ میں قومی سطح پر بجلی فراہم کرنے والے مرکزی گرڈ اسٹیشن ای ایس او کے سربراہ جان پیٹی گریو نے خبردار کیا ہے کہ جنوری اور فروری کی سرد ترین راتوں کے دوران مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا اندیشہ ہے۔ وہ یورپ میں توانائی کے بدترین بحران کے دوران سنگین حالات کی پیشگوئی کر رہے تھے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، توانائی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جان پیٹی گریو کا کہنا تھا کہ اگر موسم کی شدت اور سنگینی میں اضافہ ہوا اور پاور اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی میں تعطل آیا تو مختلف حصوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا سکتی ہے جو تین سے چار گھنٹے طویل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر شام چار سے سات بجے کے دوران بجلی کی بندش کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جاری خراب صورتحال کے پیش نظر ہمیں بھی خراب حالات کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطرات کے باوجود، نیشنل گرڈ کے بنیادی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، ہمارے اندازوں کے مطابق، موسم سرما کے دوران برطانیہ میں بجلی اور گیس کی مطلوبہ مقدار موجود ہوگی لیکن انتہائی سنگین صورتحال کیلئے تیار رہنا ہوگا۔