بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئی پی رائٹس کی خلاف ورزیاں، حکو مت بڑے پیمانے پر ریونیو سے محروم ہو رہی ہے،ظفر بختاوری

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں جدت، تخلیق اور برانڈز کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کے مکمل تحفظ اورنفاذ کو یقینی بنائے، آئی پی رائٹس کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے نہ صرف حکو مت اچھے خاصے ریونیو سے محروم ہو رہی ہے جبکہ جعلی مصنوعات کے مارکیٹ میں داخلے سے عوام کی زندگیوں کیلئے بھی خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
وہ خواتین انٹرپرینیورز اور اسٹارٹ اپس کے لیے آئی پی رائٹس پر منعقدہ ایک آگاہی سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام آئی سی سی آئی نے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے کیا۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی پی رائٹس کی فراہمی کے لیے طویل پروسیسنگ ٹائم لائنز، رجسٹریشن کا پیچیدہ طریقہ کار اور آئی پی رائٹس کے تحفظ کے لیے طویل عدالتی طریقہ کار ایسے اہم مسائل ہیں جن کو حل کرنے پر حکومت کو فوری توجہ دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی رائٹس کے بہتر نفاذ سے اختراع کرنے والوں اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی، کاروبار اور اسٹارٹ اپس کیلئے سازگار حالات پیدا ہوں گے اور پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی بہتر حوصلہ افزائی ہو گی جس سے ہماری برآمدات اور ٹیکس رینویو میں بھی اضافہ ہو گا۔جان کیبیکا، یو ایس انٹلیکچوئل پراپرٹی کونسلر برائے جنوبی ایشیا نے آئی پی رائٹس کے بارے میں شرکاء کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
انہوں نے خواتین انٹرپرینورز اور ویمن سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کیلئے آئی پی رائٹس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے آئی پی رائٹس کے بارے میں شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیئےاسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سابق صدر نائمہ انصاری نے اپنے خطاب میں خواتین انٹرپرینیورز اور اسٹارٹ اپس میں آئی پی رائٹس کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ جدت اور تخلیق کے ذریعے معاشرے کو درپیش مختلف مسائل کا بہتر حل نکال سکیں۔
چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاپی رائٹس، ٹریڈ مارکس اور پیٹنٹس کی بروقت رجسٹریشن اور آئی پی رائٹس کا مکمل نفاذ پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک بنانے میں بہت معاون ثابت ہو گا۔ ظفر بختاوری، زاہد مقبول، خالد چوہدری، محمد نوید ملک اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔