فلپائن میں ایک کالج میں امتحانات کے دوران طالبعلموں کے ‘اینٹی چیٹنگ ہیٹس’ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
فلپائن کے شہر لیگازپی کے ایک کالج میں امتحانات کے موقع پر طالبعلموں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ نقل کرنے سے روکنے والی ٹوپیاں پہن کر آئیں۔
بیشتر طالبعلموں نے اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے گتے، انڈوں کے باکس اور دیگر ری سائیکل میٹریل سے ٹوپیاں تیار کیں۔
طالبعلموں کو ہدایت دینے والی پروفیسر میری جوائے Mandane-Ortiz نے بتایا کہ وہ اپنی کلاسز میں دیانتداری کو یقینی بنانے کے لیے ایک اچھے ذریعے کو تلاش کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ آئیڈیا واقعی ‘مؤثر’ ثابت ہوا۔
اس خیال پر وسط مدتی امتحانات پر عملدرآمد کیا گیا جو اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ہوئے۔
پروفیسر میری جوائے نے بتایا کہ انہوں نے طالبعلموں سے درخواست کی تھی کہ وہ کاغذ سے سادہ ڈیزائن بنائے، مگر نوجوانوں نے اسے سنجیدہ لیا اور کافی دلچسپ ٹوپیاں تیار کیں۔
پروفیسر کی جانب سے فیس بک پر ان تصاویر کو پوسٹ کیا گیا جن کو ہزاروں افراد نے لائیک کیا اور اس خیال کو سراہا۔
تصاویر وائرل ہونے کے بعد فلپائن کے مختلف حصوں کے اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی جانب سے بھی طالبعلموں میں اس خیال کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔









