اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی رہنماﺅں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی آگے بڑھانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کیخلاف الیکشن توہین کی کارروائی آگے بڑھانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ پی ٹی آئی رہنماﺅں نے مختلف ہائیکورٹس سے حکم امتناع لے رکھا ہے ، الیکشن کمیشن نے درخواست میں کہاہے کہ کسی بھی شخص کی جانب سے تحریری جواب آنے کے بعد حکم امتناع نہیں دیا جا سکتا، لہٰذااستدعاکی جاتی ہے کہ حکم امتناع ختم کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشن ایکٹ2017 کے تحت توہین کی کارروائی چلانے کااختیار رکھتا ہے، یہ آئین سے بھی متصادم نہیں ہے ۔









