سائفرآڈیو لیکس و کابینہ کی سب کمیٹی کے فیصلے کے تناظر میں سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان طلب کیے جانے کے باوجود تاحال ایف آئی اے انکوائری ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوسکے ہیں۔
اعظم خان کومنگل 25 اکتوبر کو ڈائریکڑ ایف آئی اے اسلام آباد زون کی سربراہی میں قائم انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہاگیا تھا،اعظم خان نے پیش ہونے کیلئے 15 نومبر کےبعد کی تاریخ رکھے جانے کا کہا ہے۔
ایف آئی اے اب 15 نومبر کےبعد کے لیے اعظم خان کو انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس کرے گا، اس سے قبل وزارت داخلہ کے احکامات پرڈی جی ایف آئی اے نے راوں ماہ 5 اکتوبر کو پانچ رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دے دی تھی۔
ایف آئی اے کی انکوائری ٹیم کے سربراہ ڈائریکڑ ایف آئی اے اسلام آباد زون عبدالجبار مقرر کیے گئے تھے،انکوائری ٹیم میں دیگر ممبران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد، ڈپٹی ڈائریکٹر کاونٹر ٹیررازم ونگ، اسٹنٹ ڈائریکٹر آئی او اور ٹیم کے سربراہ کی طرف سے مقرر کردہ آفیسر ممبران میں شامل ہیں،انکوائری ٹیم میں 3 انٹیلی جنس اداروں سے گریڈ 19 کے ایک ایک آفیسر بھی شامل ہیں۔
سائفر آڈیو لیکس،اعظم خان ایف آئی اے انکوائری ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوسکے








