پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے پاکستانیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے بائیکاٹ کا مشورہ دیا تو ان کے بھارتی مداح ناراض ہوگئے۔
گلوکار فرحان سعید ان دنوں اپنی آنے والی فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں، حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام سے ان کی گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوئی۔
مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے شائقین کرکٹ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ’اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سپر لیگ رکھے اور تمام پاکستانی وہ میچز دیکھیں اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں‘۔
ان کی اس وائرل ویڈیو پر بھارتی مداح گلوکار سے ناراض ہوگئے اور ایک سوشل میڈیا صارف نے ان سے ناراضگی کا اظہار انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیا۔
صارف کا کہنا تھا کہ ’تمام بھارتی مداحوں کو فرحان سعید کے ان الفاظ سے دکھ ہوا، وہ انہیں بہت پسند کرتے ہیں لیکن اس سے بھی زیادہ وہ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں‘۔
ناراض صارف کی اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے فرحان سعید نے اپنے اس بیان کی وضاحت پیش کی کہ ’انہوں نے اپنی گفتگو میں بھارت کی بات نہیں کی بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی بات کی ہے جو کھیل اور آرٹ میں سیاست کو لا رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے بھارت سے بہت پیار ملا ہے جس کی میں قدر کرتا ہوں، یہ صرف اسی لیے ہے کیونکہ بارڈر کے دونوں اطراف لوگ سیاست سے بڑھ کر سوچتے ہیں اور ایسا ہی ہونا چاہیے‘۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔









