بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بیرون ملک ملکی مفادات کا تحفظ، پاکستانی سفراء کی اولین ذمہ داری ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے آئرلینڈ کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر عائشہ فاروقی نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ آرلینڈ کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر عائشہ فاروقی کو بطور سفیر تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بیرون ملک تعینات پاکستانی سفراء کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعتماد اظہار کیا کہ عائشہ فاروقی ایک باصلاحیت اور تجربہ کار سفارت کار ہیں اور وہ آئرلینڈ میں بطور سفیر اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تباہ کن سیلاب کے سنگین تباہ کاریوں کا سامنا ہے ، پاکستانی سفراء حالیہ سیلاب کی وجہ سے بڑے سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں دنیا کو آگاہ کریں۔ انہوں نے آئریلینڈ کیلئے نامزد سفیر کو آئرلینڈ میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور پاکستان آئرلینڈ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد آئرلینڈ میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے نامزد سفیر کو آئرلینڈ اور پاکستان کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کیلئے کہا ۔پارلیمانی رابطوں کے اہمیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوے اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے نامزد سفیر عائشہ فاروقی کو دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دینے کا کہا۔ انہوں نے آئرش حکومت کی جانب سے پاکستان میں سفارت خانہ کھولنے کا خیر مقدم کرتے ہوے کہا کہ آئرلینڈ کا یہ اقدام دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوگا ۔ آئرلینڈ کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر عائشہ فاروقی نے انکی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرلینڈ میں تعیناتی کے دوران ملک کی پرامن تشخص کو اجاگر کرنا اور دو طرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو فروع دینا انکی اولین ترجیح ہوگی۔