بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ڈی ایم کا 28 مارچ کو کشمیر ہائی وے پر جلسے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 28 مارچ کو کشمیر ہائی وے پر جلسے کا اعلان کردیا جبکہ لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے مارچ کی قیادت مریم نواز اور حمزہ شہباز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ڈی ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم 28 مارچ کو کشمیر ہائی وے پر جلسہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا لانگ مارچ 26 مارچ کو لاہور سے شروع ہوگا اور 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا جبکہ گوجرانوالہ اور سرائے عالمگیر پر پڑاؤ ہوگا اور یہاں پارٹی کا جلسہ بھی ہوگا۔حمزہ شہباز اور مریم نواز مسلم لیگ (ن) کے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی دیگر رکن جماعتیں بھی ریلیوں کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں گی، قافلے 26 مارچ کو اسلام آباد پہنچنا شروع ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگوں کا جلسہ ملکی تاریخ میں بڑی تبدیلی لائے گا، عمران خان اپنا اجتماع بھی دیکھیں اور ہمارا اجتماع بھی دیکھیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایک ایک گملے اور ایک ایک بلب کی حفاظت خود کریں گے، اسلام آباد انتظامیہ سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
پی ڈی ایم کے ترجمان اور رہنما جمعیت علمائے اسلام حافظ حمد اللہ نے کہا کہ یہ مارچ مہنگائی، لاقانونیت، ایک غیر جمہوری مسلط شدہ حکومت کے خلاف ہوگا، ملک میں آئین، قانونی اور نہ پارلیمنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے فیصلہ ہوا تھا کہ 23 مارچ کو لانگ مارچ ’مہنگائی مارچ‘ کے نام سے ہوگا لیکن 23 مارچ کو او آئی سی کے انعقاد کی وجہ سے نہیں ہوسکا اور خوش اسلوبی سے کانفرنس ہوگئی۔جو لانگ مارچ کر رہے تھے اب 26 مارچ کو ہمارے قافلے روانہ ہوں گے اور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے قافلے سہراب گوٹھ کراچی سے روانہ ہوں گے اور رات سکھر، حیدر آباد پہنچیں گے اور وہاں سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے، لاہور سے اسلام پہنچیں گے۔رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے قافلے 25 مارچ کو نکلیں گے، قافلے کوئٹہ سے روانہ ہو کر براستہ ژوب ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پڑاؤ کریں گے، وہاں قیام کریں گے اور 26 کو مولانا فضل الرحمٰن کے ہاں رکیں گے، پھر پورے خیبر پختونخوا سے قافلے نکلیں گے۔مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں ڈیرہ اسماعیل خان سے قافلے ہکلہ انٹر چینج پہنچیں گے جہاں سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے قافلے ملیں گے اور ملک بھر سے آئے ہوئے سارے قافلے مل کر 26 مارچ کو شام تک اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے اور جی نائن پارک میں جمع ہوں گے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہم یہاں 26 کو پہنچیں گے، 27 مارچ کو ہمارا جی نائن سری نگر ہائی وے میں اجتماع ہوگا اور ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) اور سردار اختر جان مینگل کی سربراہی میں بی این پی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکن اور جمعیت علمائے پاکستان کے کارکن اور دیگر جماعتوں کے قافلے سری نگر میں جمع ہوں گے جہاں مشترکہ اجتماع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن 26 مارچ کو سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے جہاں وہ 27 اور 28 کو بھی وہاں رہیں گے، اس کے بعد اپوزیشن قیادت اگلا لائحہ عمل دے گی۔