بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملائیشیا، 97 سالہ مہاتیر محمد نے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے

لانگکاوی (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا کے 97سالہ سیاستدان اور دومرتبہ وزیراعظم رہنے والے مہاتیر محمد نے پارلیمانی انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت بدمعاشوں یا جیل میں قید افراد کی جماعتوں کیساتھ کسی قسم کا اتحاد نہیں کرے گی، ملک میں عام انتخابات کیلئے مہم شروع ہوچکی ہے اور یہ تقریباً 100سالہ مہاتیر محمد کا آخری الیکشن ہوسکتا ہے۔ ملائیشین وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے شیڈول سے 10ماہ قبل ہی انتخابات کا اعلان کردیا تھا جبکہ حکمران جماعت کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق جو اس وقت قید میں موجود ہیں 4سال بعد سیاست میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں۔ مہاتیر محمد2018میں دوسری مرتبہ وزیراعظم بنے تھے اور وہ ایسا کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ وزیراعظم بن گئے تھے ۔ 19 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں مہاتیر محمد لانگکاوی سے اپنی نشست پر دوبارہ الیکشن لڑیں گے ۔ بظاہر عمر رسیدہ دکھائی دینے والے مہاتیر محمد اب بھی صحت مند ہیں ، کواہ کے علاقے میں مقامی حکومت کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے پہنچنے کے بعد ان کی ہوم لینڈ فائٹرز پارٹی کے درجنوں حامیوں نے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر مہاتیر محمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس جیتنے کا نادر موقع ہے ، سیاست سے ریٹائر ہونے کے سوال پر مہاتیر نے قہقا لگا دیا ، ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کے درمیان کھڑا ہوں اور آپ سے گفتگو کررہا ہوں یہی ایک معقول جواب ہے۔