اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تعاون سے 9 سے 11 دسمبر 2022 تک کنونشن سینٹر، اسلام آباد میں پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو کا انعقاد کرے گا لہذا تعمیراتی شعبے کی بڑی کمپنیاں اس میں بھرپور شرکت کر کے استفادہ حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے گرانا اور امارت گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اکبر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی ڈویلپرز، بلڈرز، آرکیٹیکٹس، ڈیزائنرز، الائیڈ انڈسٹریز اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنیاں ایکسپو میں اپنے پروجیکٹس کی نمائش اور اسٹیٹ آف دی آرٹ رہائشی اور کمرشل پروجیکٹس کو نمائش کیلئے پیش کریں گی۔ انہوں نے گرانا کو اس میگا ایونٹ میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید، چیمبر کی ایکسپو کمیٹی کے کنوینر شیخ عامر وحید، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری اور محمد اعجاز عباسی سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ایکسپو کا مرکزی موضوع ”سب کے لیے پناہ” ہے، کیونکہ یہ پاکستان کے ہر شہری کے بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کی سائیڈ لائن پر پینل ڈسکشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں نامور قومی اور بین الاقوامی مقررین شرکت کریں گے تاکہ شہری تخلیق نو، ٹیکنالوجی اور تجربے کے تبادلے، ماحول دوست، سستے اور کم قیمت مکانات کے لیے پالیسی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 ممالک کے نمائش کنندگان اور مقررین نے ایکسپو میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے اور چینی کمپنیوں کے ساتھ خصوصی سیشنز ہوں گے۔ انہوں نے ایکسپو میں تعاون کے لیے گرانا کو مدعو کیا اور آئی سی سی آئی میں شہری تخلیق نو کے لیے ایک ڈیسک قائم کرنے کی پیشکش کی۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ نئی ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کی جائیں گی تاکہ کم لاگت اور سستے مکانات تیار کئے جاسکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دارالحکومت اور پاکستان کے دیگر شہروں میں فلک بوس عمارتوں کی تعمیر کے لیے بلڈنگ بائی لاز بنائے جائیں۔
گرانا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شفیق اکبر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی طرف سے کے بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کے اقدام کو سراہا اور آنے والے ایونٹ میں گرانا کے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی کو شہری تخلیق نو پر زیادہ توجہ دینی چاہیے اور چیمبر ساتھ مل کر شہری تخلیق نو کے لیے ایک ڈیسک قائم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے جائیداد کی آن لائن تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے اور کسی بھی سرمایہ کار کے لیے ضروری ہے کہ وہ کوئی بھی سرمایہ کاری کرنے سے پہلے جائیداد کی تصدیق کر لیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 450 ٹاؤن پلانرز کام کر رہے ہیں اور گرانا تقریباً 12000 کلائنٹس کی خدمت کر رہا ہے اور اس نے 15 میگا پراجیکٹس میں بڑی رقم کی سرمایہ کاری کی ہے۔
شفیق اکبر نے کہا کہ ہاؤسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب ٹاؤن پلاننگ کی بہت ضرورت ہے اور بتایا کہ گرانا نے ایک وائٹ پیپر برائے ویژن 2047 تیار کیا ہے جس میں نوجوانوں اور علاقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ سب کو مکان فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستاویز پہلے ہی حکومت کو پیش کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری منصوبہ بندی کیلئے پیسے کا صحیح استعمال ہونا چاہیے۔
تعمیراتی شعبے کی بڑی کمپنیاں انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو میں بھرپور شرکت کریں۔ احسن بختاری








