پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے احسن بھون(Ahsan Bhoon) کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مبینہ جعلی ڈگری کے معاملے پر مزید سوالات اٹھا دیے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہاکہ میں نے احسن بھون کو فون کرکے یہ کہا تھا کہ آپ نے مشاورت کے بغیر ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دے دیا جس کی جعلی ڈگری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے احسن بھون کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ انہیں عدالت لے جائیں، انہیں اس پر خوشی ہوگی، تاہم اس سے پہلے اپنی اس جعلی ڈگری کے معاملے کا جواب دیں جس پر ان کے بقول احسن بھون نے حکم امتناع حاصل کر رکھا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ وہ 28 مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی پروا نہیں کہ مقدمہ احسن بھون کا ہے یا کھوسہ کا۔
انہوں نے کہاکہ اب عدالتیں ڈانٹ ڈپٹ یا کسی اور بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ پر کام کریں گی اور احسن بھون کو اپنے معاملات کا جواب دینا پڑے گا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہاکہ وہ ایک ڈگری کے معاملے پر نکلے تو انہیں آگے ایک اور ڈگری کا معاملہ بھی مل گیا، اگر احسن بھون اپنی ڈگریاں دکھا دیں اور وہ درست ثابت ہوئیں تو وہ معافی مانگ لیں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے احسن بھون کی بہاولپور میں تعلیم سے متعلق بھی سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیاکہ وہاں ان کی مائیگریشن قانونی طریقے سے نہیں ہوئی تھی اور انہوں نے ماسٹر ڈگری کے لیے داخلہ لیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان معاملات سے متعلق تمام چیزیں جمع کرلی ہیں۔
مزیدپڑھیں:’آپ کی عزت‘ کا اختتام پسند آیا یا نہیں؟ ناظرین کی دلچسپ آرا سامنے آگئیں
انہوں نے کہا کہ احسن بھون انہیں جواب دینے کے بجائے پہلے اس معاملے پر بات کریں جو ان کے بقول التوا میں پڑا ہوا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہاکہ ایک غریب وکیل نے احسن بھون کو چیلنج کیا تو اسے ایف آئی اے کے ذریعے اٹھوایا گیا اور اس کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ بنوایا گیا، جبکہ ندیم نامی وکیل کا پریکٹس لائسنس بھی ان کے بقول عدالت سے منسوخ کروایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اب عدالتوں کو ایسے لوگوں سے پاک کیا جائے گا اور اصل معاملہ جعلی ڈگری کا نہیں بلکہ ایک مافیا کے خلاف جنگ ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کا آسان راستہ یہ ہے کہ اگر احسن بھون جیسے لوگ انصاف دلانے اور دینے کے معاملے سے پیچھے ہٹ جائیں تو ملکی عدالتیں بہتر انداز میں کام کر سکتی ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف ہو وہ کبھی نہیں ڈوبتا، جبکہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ تباہ ہوجاتا ہے اور ان کے بقول اس معاشرے کو ڈبونے میں احسن بھون کا بھی بڑا کردار ہے۔
انہوں نے کہاکہ انہیں جس عدالت میں بھی بلایا جائے گا وہ پیش ہوں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہاکہ وہ وقت گزر گیا جب مخصوص لوگوں کی دوستی عدالتوں میں چلتی تھی، اب وہ جذبے کے ساتھ کھڑے ہیں اور حافظ آباد میں بھی لوگوں کو بتائیں گے کہ وہ انصاف کے ساتھ کتنے کھڑے ہیں۔









