اسلام آباد: انسٹیٹیوٹ آف پبلک اوپنیئن ریسرچ(آئی پی او آر)کے تازہ سروے کے مطابق عوام کی اکثریت ملک میں فوری انتخابات چاہتی ہے جبکہ صرف 29فیصدلوگ یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ یہ سروے مارچ2022میں بھی ہوا تھا جب عمران خان کی حکومت تھی اور اب نومبر2022میں ہوا ہے جب شہبازشریف کی حکومت ہے ۔ سروے میں عوام سے وہی دو سوالات پوچھے گئے جومارچ کے سروے میں پوچھے گئے تھے ۔ سروے رپورٹ کے مطابق عمران خان کے دور حکومت میں پوچھے گئے اس سوال کا کہ کیا حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے؟ 48فیصد لوگوں نےیہ جواب دیا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے جبکہ حالیہ سروے میں اس سوال کے جواب میں صرف 29فیصد لوگوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت اپنی مدت پوری کرنی چاہیے ۔ سروے میں دوسرا سوال یہ پوچھا گیا کہ کیا فوری انتخابات ہونے چاہیئں ، مارچ میں کئے گئے سروے میں اس سوال پر 44فیصد لوگوں نے یہ کہا تھا کہ فوری الیکشن ہونے چاہیئں جبکہ حالیہ سروے میں 63فیصد لوگوں نے یہ کہا ہے کہ فوری الیکشن ہونے چاہیئں ۔










