لاہور(ممتاز نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خط لکھ کر طلباء کے انٹری ٹیسٹ یقینی بنانے کےلئے 13نومبر کو لانگ مارچ صبح 6سے شام 4 بجے تک موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) غلام شبیر کی طرف سے عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجر نے 13نومبر کو ملک بھر میں طلباء کے انٹری ٹیسٹ لینے ہیں ۔ یہ ٹیسٹ سیلاب سے متاثرہ طلباء کو تیاری کے مناسب وقت دینے کی خاطر دو ماہ کےلئے موخر کئے گئے تھے ،اگر اب ان ٹیسٹوں کے انعقاد میں مزید تاخیر کی گئی تو اس سے نہ صرف طلباء کی کارکردگی متاثر ہوگی بلکہ ان کا پورا سال ضائع ہوسکتا ہے ۔طلباء اور ان کے والدین کو لانگ مارچ کے پیش نظر راستوں کی بندش سے امتحانی مراکز تک پہنچنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں جس وجہ سے وہ پریشان ہیں ،لہذا آپ سے درخواست کی جاتی ہے کہ 13نومبر کو لانگ مارچ کومو خر کیا جائے گا ۔










