اسلام آباد(ممتاز نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے کینیا کی پولیس کو ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث قرار دے دیا۔ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ کینیا پولیس اس شوٹر تک رسائی نہیں دے رہی جس کا ہاتھ دو ہفتے قبل زخمی ہو گیا تھا، اس افسر تک رسائی نہ دینا بڑی عجیب بات ہے، اس کا بیان بہت اہم ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کینیا پولیس نے چار میں سے ایک آفیسر کو پاکستانی تحقیقات کاروں کے سامنے پیش کرنے سے انکار کیا۔ ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے کہا کہ جس ایک افسر کو پیش نہیں کیا گیا وہ ارشد شریف پر گولیاں چلانے والوں میں شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ کینیا کی پولیس کے تین شوٹرز سے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی تھی، تینوں شوٹرز کے بیانات میں ناصرف گھمبیر نوعیت کا تضاد تھا بلکہ بیانات غیر منطقی تھے، ہمیں یقین ہے کہ کینیا کی پولیس ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
کینیا کی پولیس ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، ڈی جی ایف آئی اے








