بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور سے ن لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ روانہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سے ن لیگ کا مہنگائی مکاؤ مارچ مریم نواز اور حمزہ شہبازکی قیادت میں روانہ ہوا۔روانگی سے پہلے مریم نواز نے اپنی والدہ کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے تو حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت تو جا چکی ہم اس کو خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں، عمران خان نواز شریف کے نہیں قوم کے مجرم ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اسلام آباد پہنچیں گے تو حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہوگا، عمران خان دو، دو نشستوں والوں سے بھی منتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنی چاہیں منتیں کر لیں اب کچھ نہیں ہونے والا، حکومت کے خلاف ایک ہی سازش ہے اور وہ عمران خان ہے۔قبل ازیں اپنے پیغام میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کا عذاب نازل کرنے والوں کو آخری دھکا دیں، مریم اور حمزہ کے ساتھ نکلیں اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کریں،عوام نہ نکلے تونالائق حکمران پورا پاکستان کھا جائے گا۔
ن لیگ کا یہ مارچ آج رات گوجرانولا میں قیام کرے گا جہاں مریم نواز اور حمزہ شہباز جلسے سے خطاب کریں گے۔مارچ اٹھائیس مارچ کواسلام آباد پہنچے گا۔