کراچی: ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک وفاقی وزیر 23 نومبر کو سرکاری جامعہ کے وائس چانسلر کی زمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ور تربیت کے جوائنٹ سکریٹری راجہ محمد اختر اقبال کے جاری کردہ نوٹفیکشن کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ور تربیت رانا تنویر مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے معاملات دیکھیں گے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم با لحاظ عہدہ وفاقی جامعات کے پروچانسلر ہوتے ہیں جب کہ صدر مملکت چانسلر ہوتا ہے تاہم یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ور تربیت رانا تنویر اب وفاقی جامعہ کے وائس چانسلر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ وائس ڈاکٹر ضیاالقیوم کی چار سالہ مدت 22 نومبر کو ختم ہورہی ہے اور نوٹیفکیشن کے مطابق وہ 23 نومبر سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی زمہ داریاں سنبھالیں گے۔









