اسلام آباد ( ممتازنیوز) وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکریٹری افتخار علی شالوانی نے کہا کہ ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبہ معیشت کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے لہذا اس پر بہتر توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے کاروبار تیز ہو گا، روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 2008-09 میں دبئی کو معاشی مسائل کا سامنا تھا اور صرف ایک میگا پراجیکٹ ”برج خلیفہ” کی تعمیر نے اس کی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا، انڈونیشیا، چین اور جاپان سمیت کئی ممالک نے ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبے پر توجہ دے کر بہتر اقتصادی ترقی حاصل کی ہے جس سے معیشت میں اس شعبے کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی تعاون سے کنوشن سنٹر اسلام آباد میں 8 تا 11 دسمبر کو منعقد ہونے والی پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلڈرز، ڈویلپرز اور رئیلٹرز کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور ایکسپو میں شرکت کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کی۔
افتخار علی شلوانی نے کہا کہ پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کے انعقاد کا مقصد کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنا اور لوگوں کو سستی رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کی رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ساتھ ہاؤسنگ سیکٹر کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر اس حق کو پورا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرے گی اور عوام کو سستی رہائش فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے مکانات کی قلت دن بدن بڑھ رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت عوام کو سستی رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبے پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اور تعمیرات کے فروغ پانے سے تمام متعلقہ صنعتوں کا کاروبار ترقی کرے گا اور معیشت جلد بحال ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے قابل اعتماد ہاؤسنگ پراجیکٹس کی بروقت فراہمی سے خریداروں کا اعتماد بڑھے گا اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی دو انتہائی کامیاب پراپرٹی اور ہاؤسنگ ایکسپو کا انعقاد کرچکا ہے اور امید ظاہر کی کہ پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو ایک اور تاریخی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وفاقی دارالحکومت میں ایک ایکسپو سینٹر قائم کرے تاکہ کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف شعبوں کی نمائشوں کو فروغ دیا جا سکے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، گروپ لیڈر خالد اقبال ملک، خالد جاوید، ظفر بختاوری، شیخ عامر وحید، محمد شکیل منیر، سردار طاہر، چوہدری مسعود، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ایکسپو کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔ بہت سے بلڈرز، ڈیولپرز اور رئیلٹرز نے تعارفی تقریب میں ایکسپو کے اسٹالز بھی بک کرائے۔
پہلی انٹرنیشنل ہاؤسنگ ایکسپو کی تعارفی تقریب کا انعقاد








