لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے مفتی رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی رفیع عثمانی صاحب کی وفات پر دل بہت رنجیدہ ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نواز شرید نے کہا کہ مسلمانان عرب و عجم ایک عالم دین سے محروم ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کی گرانقدر علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ اللّٰہ مفتی رفیع عثمانی کو جنت الفردوس میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
صدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی صاحب کی وفات پر دل بہت رنجیدہ ہے۔مسلمانان عرب و عجم آج ایک عالم دین،فقیہ،محقق اور جیّد خطیب سے محروم ہو گئے۔انکی گرانقدر علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔اللہ تعالیٰ حضرت کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
— Nawaz Sharif (@NawazSharifMNS) November 18, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روزصدر جامعہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے، اُن کی عمر 86 برس تھی۔
مرحوم، مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی، جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر اور دارالمدارس العربیہ کے سرپرست اعلیٰ بھی تھے۔
وہ تقسیم ہند سے قبل ہندوستان کے صوبے دیوبند میں اکیس جولائی انیس سو چھتیس کو پیدا ہوئے۔
تحریک پاکستان کے رہنما اور مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانی کے بڑے صاحب زادے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے والد مفتی اعظم دیوبند محمد شفیع دیوبندی سے پائی۔
ان کا شمار پاکستان کے سرکردہ علما میں ہوتا تھا، انہوں نے درجن بھر کتابیں لکھیں جن میں درس مسلم، دو قومی نظریہ، اور نوادر الفقہ قابل ذکر ہیں۔









