اسلام آباد (ممتازنیوز) ترکیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ترکیہ اگلے دو تین سال میں پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دے کر کم از کم پانچ ارب ڈالر تک کرنا چاہتا ہے کیونکہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پچاجی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترکی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر نورتین دیمیر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر مہمت پچاجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے انہیں آئندہ تین سال میں ترکیہ اور پاکستان کی باہمی تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی ذمہ داری سونپی تھی اور مزید کہا کہ دونوں ممالک اس ہدف سے آگے بڑھنے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی آپس میں روابط کو مضبوط بنائے اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارت خانہ ایسی کوششوں میں نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ترکیہ کے کمرشل قونصلر نورتین دیمیر نے اس موقع پر ترکیہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں شرکاء کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مثالی دوستانہ تعلقات کے باوجود پاکستان اور ترکیہ کی دوطرفہ تجارت تقریبا ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے جو حوصلہ افزاء نہیں ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان میں انجینئرنگ، کیمیکل، ہاؤسنگ اینڈ کنسٹرکشن، برقی آلات، مشینری، دفاع، آبپاشی، فوڈ پروسیسنگ، حلال گوشت، زرعی پیداوار اور شمسی توانائی سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تعاون سے 8 تا 11 دسمبر 2022 کو پہلی بین الاقوامی ہاؤسنگ ایکسپو کا انعقاد کر رہا ہے لہذا انہوں نے اس میگا ایونٹ میں ترکی کے سرمایہ کاروں کو بھرپور شرکت کر کے پاکستان میں اپنے پراجیکٹس متعارف کرانے کی دعوت دی
ترکیہ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک کرنا چاہتا ہے، ڈاکٹر مہمت پچاجی








