بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک دیوالیہ ہونے کا پروپیگنڈاپی ٹی آئی اور اس کے حواری کررہے ہیں،احسن اقبال

جدہ (امیر محمد خان سے )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مدینہ کی ریاست اور جمہوریت، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے اب کہتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء لگ جائے، گزشتہ حکمرانوں نے حکومت سے جانے کا غم اس قدر لیا ہے کہ پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے،جب ادارے کے لوگ کہتے ہیں کہ ہمارا سیاست سے تعلق نہیں ،ہم غیر جانبدار ہیں تو ایک جماعت کا سربراہ انہیں جانور کہہ رہا ہے ،ان کے حوالے سے قابل اعتراض جملے کس رہا ہے وہ خود اور اس کا سوشل میڈیا عوام میں نفرتوں کو جنم دے رہا ہے۔
وہ ہفتہ کو یہاں پاکستان قونصلیٹ میں جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے لئے اسٹرٹیجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بیرون ملک ہر شخص کی اچھائی یا برائی اس کی ذات سے نہیں بلکہ اس کے ملک سے پہنچانی جاتی ہے ،اس لئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے مسئلے پر حکومت بھر پور کوشش کررہی ہے مگر بد قسمتی سے پنجاب میں اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومتیں ہے جو مرکز کے خلاف ہر قدم اٹھاتی ہے اور وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتی ہے، سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیر اعظم کی کوششوں کو نقصان پہنچارہی ہیں،یہ کون سی ملک سے محبت ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے بھی انہوں نے اقوام متحدہ سے لیکر دوست ممالک کو بھی کہا کہ ان کی مدد نہ کرو ،یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ مدینہ کی ریاست اور جمہوریت، نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والےاب کہتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء لگ جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو اس وقت پی ٹی آئی کے ایک وزیر کا کہنا تھا اچھا ہوا ہم سے حکومت چلی گئی ورنہ معیشت کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں پتھر مارنے تھے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جب بھی برسر اقتدار آئی اس نے ملک کو بہتری کی جانب بڑھایا ، ہماری سیاست ملکی استحکام اور ترقی پر مبنی ہے،2018 سے قبل ہم آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرکے کشکول توڑ چکے تھے،پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا،پی ٹی آئی کی حکومت کے پاس ترقیاتی بجٹ تک کے پیسے نہیں تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،پی ٹی آئی اور اس کے کچھ میڈیا میں حواری بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔پاک چین راہداری کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ اس کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے، دوست ممالک سمیت دنیا بھر سے تعلقات کو بہتر بنایا گیا ہے۔ کمیونٹی کے اجلاس میں قونصل جنرل خالد مجید نے وزیر منصوبہ بندی کو کمیونٹی اور قونصلیٹ کی جانب سے خوش آمدید کہا۔