واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن 20 نومبر کو 80برس کے ہوگئےجس کا مطلب یہ ہے کہ اگر وہ 2024 میں دوسری صدارتی مدت کے لئے الیکشن لڑتے ہیں تو وہ 82برس کے ہوں گے۔
رائس یونیورسٹی کے ماہر سیاسیات مارک جونز کا انٹرویومیں کہنا ہے کہ میرے خیال میں واضح طور پر بائیڈن کی عمربہت سے لوگوں کے لئے ایک بڑی تشویش کی بات ہے، خاص طور پر ان کی ذہنی تندرستی اور ان کی مجموعی صحت تشویش کا باعث ہوسکتی ہےتاہم جونز کہتے ہیں کہ بائیڈن اس عمر میں بھی ریاستہائے متحدہ کے صدر ہیں اور دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے کے اہل ہیں اور کسی بھی ڈیموکریٹ کے لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ انھیں دوبارہ انتخاب میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ جوبائیڈن کو امریکہ کا سب سے زیادہ عمر رسیدہ صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے وہ اس سے قبل امریکہ کے سب سے کم عمر سینیٹر بھی منتخب ہو چکے ہیں۔
امریکی سیاست میں گزشتہ پانچ دہائیوں سے سرگرم رہنے والے جو بائیڈن جب 1972 میں ڈیلاویئر سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے تو اس وقت ان کی عمر محض 29 سال تھی۔ وہ اپنی پوری سیاسی زندگی میں چھ مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔
صدر جوبائیڈن دو مرتبہ امریکہ کے صدر نائب صدر رہ چکے ہیں۔ وہ بارک اوبامہ کے دور میں اس منصب پہ فائز رہے تھے۔
جوبائیڈن 80برس کے ہوگئے،صدر کی عمر بہت سے لوگوں کیلئے باعث تشویش ہے،امریکی پروفیسر








