کوئٹہ(ممتازنیوز)بلوچستان حکومت کوشدید مالی بحران کا سامنا، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نےوفاق سے این ایف سی کے تحت 10 فیصد شیئربھی نہ ملنے کاشکوہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگرطے شدہ سہ ماہی حصہ نہ ملا تو تنخواہیں اداکرنا بھی مشکل ہوجائے گا، یقین ہے کہ وزیر اعظم ہماری گذارشات پر توجہ دیں گے ۔ بلوچستان کو درپیش مالی بحران کے حوالے سے صحافیوں سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ بلوچستان کا مالی بحران شدت اختیار کر رہا ہے،اس سال بلوچستان کو وفاق سے 45 ارب روپے ملنے تھے،مگر وفاق کی جانب سے این ایف سی کے تحت ملنے والا شیئر تاحال 10فیصد بھی نہیں ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے رواں مالی سال کا ترقیاتی پروگرام این ایف سی کے تحت ملنے والے شیئر کے مطابق بنایا،ہماری اولین ترجیح جاری سکیمات کی بروقت تکمیل ہے ،جاری سیکمات کے لئے اب تک 70 ارب روپے کا اجراء کیا جا چکا ہے،موجودہ حکومت نے گزشتہ حکومت کی کسی بھی جاری سکیم کو نہیں روکا ۔انہوں نے کہاکہ اگر این ایف سی کا طے شدہ سہ ماہی شیئر نہ ملا تو ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں دے سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہ کا ریاں ہوئیں ،ہم نے اب تک سیلاب کے دوران امداد وبحالی کے لئے 8 ارب روپے جاری کئے ہیں،مرکز سے کسی قسم کا اضافی مطالبہ نہیں کر رہے، ہم صرف اپنا آئینی طور پر طے شدہ شیئر مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گیس رائیلٹی کی مد میں بھی مرکز پر ہمارے 40 ارب روپے کے پرانے واجبات ہیں ،اگر ہمیں وفاق سے ہمارا شئیر مل جاتا ہے تو ہم اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کر سکتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے نہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلایا ہے اور نہ ہی پھیلائیں گے ،اپنے لوگوں کی خود مدد کرینگے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب حکومت سنبھالی تو تب بھی برے مالی حالات تھے ،مشکل صورتحال کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ بنایا،اپوزیشن اور حکو متی اراکین کے حلقوں کو یکساں اہمیت دی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ صوبے کے مالی بحران کو میڈیا میں نہیں لانا چاہتے تھے،سیاسی قائدین کو اعتماد میں لینے کے لئے میڈیا میں آنا پڑا،صوبے کے مالی بحران کو وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے ،امید ہے کہ وزیراعظم نے جس طرح پہلے ہماری بات سنی ہے اب بھی سنیں گے ۔
بلوچستان حکومت کوشدید مالی بحران کا سامنا، وزیراعلیٰ کا این ایف سی کے تحت 10 فیصد شیئربھی نہ ملنے کاشکوہ








