بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جامعات میں تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ، کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے جامعات کو گرانٹ نہ ملنے کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی کا مسلۂ پیدا ہوگیا ہے اور احتجاجا جمعرات یکم دسمبر اور جمعہ 2دسمبر کو جامعہ کراچی کے اساتذہ نے تدریسی امور کے بائیکاٹ اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کا ایک اجلاس تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی اطلاع پر اسٹاف کلب میں بدھ کو صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر صالحہ رحمٰن کی صدارت میں ہنگامی طور پر منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ چند ماہ سے تنخواہوں و دیگر واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا سلسلہ بڑھتا ہی جارہا ہے اور اس سلسلے میں مناسب آواز نہ اٹھائے جانے کے باعث آج ایک بار پھر تنخواہ تاخیر کا شکار ہورہی ہے۔ اجلاس میں مجلس عاملہ کے ارکان کو مطلع کیا گیا کہ آج ڈائریکٹر فنانس سے ملاقات میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ سندھ گورنمنٹ کی طرف سے گرانٹ میں تاخیر ہے جس کے باعث اس ماہ تنخواہ کم از کم پیر 5 دسمبر تک اکاؤنٹس میں منتقل ہوگی۔ اس موقع پر انجمن اساتذہ نے تنخواہوں میں تاخیر کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس امر کو ناقابل قبول قرار دیا۔ اجلاس نے متفقہ طور پر مندرجہ ذیل لائحہ عمل کی منظوری دیانجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ طے کرتی ہے کہ سندھ گورنمنٹ کی طرف سے گرانٹ میں تاخیر کے خلاف جمعرات جامعہ کراچی میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ جمعرات تک گرانٹ اور تنخواہ نہ آنے کی صورت میں دو دسمبر بروز جمعہ سے مارننگ و ایوننگ کی تدریس اور امتحانات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات کا مطالبہ کیا کہ سندھ گورنمنٹ اعلیٰ تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔ اعلی تعلیم کے لئے صرف کی گئی رقم کو اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کے لئے سرمایہ کاری شمار کیا جائے- اجلاس میں ڈاکٹر صالحہ رحمان، ڈاکٹر شاہ علی القدر، ڈاکٹر انتخاب الفت، ڈاکٹر حارث شعیب، ڈاکٹر محمد علی، جناب غفران عالم، ڈاکٹر اسد تنولی، ڈاکٹر عبدالجبار، ڈاکٹر صادق علی خان، ڈاکٹر تحسین اقبال، ڈاکٹر صدف فاطمہ، ڈاکٹر خالد جمال، ڈاکٹر ندا علی، ڈاکٹر نائلہ عثمان اور سید فیضان الحسن نقوی نے شرکت کی۔