پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ پرویز الہٰی کے بیان سے متعلق سوال پر سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر نے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آمد کے موقع پر ایک صحافی نے عثمان بزدار سے سوال کیا کہ پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے 4 سال ضائع کیے، کوئی کام نہیں کیا؟
عثمان بزدار نے جواب دیا کہ کورٹ کے اندر کوئی سیاسی بیان نہیں دینا چاہتا۔
عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں توسیع
دوسری جانب شراب کے لائسنس کے کیس میں عبوری ضمانت کے لیے سماعت کے موقع پر سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے سماعت کرتے ہوئے عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کر دی۔
دورانِ سماعت جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں؟ عدالت کو آگاہ کریں۔
تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ آج کی تاریخ تک عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں۔
جج نے کہا کہ پھر ایسے تو ہم عبوری ضمانت میں تاریخیں ڈالتے رہیں گے، واضح ہدایات لے کر آئیں کہ نیب کو اس کیس میں گرفتاری چاہیے یا نہیں۔









