کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کی جامعات میں وائس چانسلر کے تقررکے لیے قائم تلاش کمیٹی نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو اور لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدوں کیلئے امیدواروں کی جانچ کا عمل مکمل کرلیا ہے اہل امیدواروں کے انٹرویوز جمعہ9دسمبر کو لیے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ پیر کو تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع کی زیرصدارت اجلاس میں گیا۔ اجلاس میں، سیکریٹری بورڈ مرید راہموں، ڈاکٹر نوشاد شیخ، ڈاکٹر سعید قریشیاور اسپیشل سیکریڑی کالج ایجوکیش عبدالعلیم لاشاری جن کا تین دسمبر کو بطور کمشنر نوابشاہ تبادلہ ہوچکا ہے نے شرکت کی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کمیٹی کے جن اراکین نے وائس چانسلر کے عہدے کے امیدواروں کی جانچ کی ان میں ایک رکن بھی پی ایچ ڈی نہیں تھا۔ اجلاس30سے زائد امیدواروں کی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا اور دونوں جامعات کیلئے 13امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا جن میں ڈاکٹر علی اکبر بھنڈ ، ڈاکٹر بیکا رام، ڈاکٹر اکرام الدین اجن، ڈاکٹر خالد تالپور، ڈاکٹر عزیز اجن، ڈاکٹر مہرالنساء، ڈاکٹر صغرا، ڈاکٹر ذولفقار سومرو اور دیگر شامل تھے۔ تلاش کمیٹی کے ایک رکن نے جنگ کو بتایا کہ لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کا معاملہ پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے اور یونیورسٹی دو ماہ سے قائم مقائم وی سی سے بھی محروم ہے جب کہ محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے دئیے گئے وائس چانسلرز کے اشتہار پر بھی سندھ ہائیکورٹ میں مقدمہ کیا جاچکا ہے اور نوٹس بھی جاری ہوچکے ہیں لہٰذا جمعہ کو پہلے لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کے اور پھر نماز جمعہ کے بعد لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کے عہدوں کے لیے انٹرویو ہوں گے۔ یاد رہے کہ ملک کے تینوں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت اور بلتستان اور وفاق میں وائس چانسلر کی عمر کی حد 65برس ہے مگر سندھ میں اسے 62سال کردیا گیا ہے۔
دو میڈیکل جامعات میں وی سی کی درخواستوں کی جانچ کا عمل مکمل








