بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی نوجوان شخصیات کی ملاقات

لاہور(ممتازنیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی نوجوان شخصیات نے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد بھی موجودتھے ۔ملاقات کرنے والوں میں 29 سونے کے تمغے حاصل کر کے قومی ریکارڈ بنانے والے ڈاکٹر ولید،3 سال کی عمر میں مائیکروسافٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی بہنیں عریش فاطمہ اور عائش فاطمہ ،نوجوان کوہ پیماوں شہروز کاشف اور سبراز خان ،گیمنگ انڈسٹری میں ملک کا نام روشن کرنے والے ارسلان ایش صدیقی ، قرآنی تلاوت و تحقیق میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنانے والے حسن علی کاسی ،دنیا کے کم عمر ترین موٹیویشنل سپیکر حماد صافی شامل ہیں۔
عمران خان کی جانب سے نوجوان شخصیات کی قابلیت اور محنت کو سراہتے ہوئے کہاگیاکہ60 فیصد نوجوان آبادی ہمارے ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوا کرتا ہے، ہمیں ملک کی بہتری کی خاطر محنتی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے،عمران خان ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لے کر ملک کا نام روشن کر سکیں۔