آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن(All Pakistan Petrol Pump Owners Association) نے پیٹرول پر حکومتی 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کے پیکیج سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے انہیں تاحال کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے کہا کہ پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کے پیکیج کے بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں، حکومت کی جانب سے سبسڈی دیے جانے کے بعد اب کسٹمر اور پیٹرول پمپ مالکان آپس میں لڑیں گے۔
ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سبسڈی کا اعلان تو کردیا ہے لیکن اس کے طریقہ کار سے متعلق پمپ مالکان کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان بٹ نے بھی کہا کہ حکومت نے سبسڈی کا اعلان کردیا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ پیٹرول پمپ مالکان کو سبسڈی کی رقم کس طریقے سے واپس ملے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے موٹرسائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جس کا آغاز اسلام آباد سے ہوچکا ہے۔









