لاہور:ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان محمد طاہر حسن نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان لاہورپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی ) کے ماتھے کا جھومر ہےجس نےعلم وادب اور پاکستانی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
محمد طاہر حسن ڈی جی ریڈیو پاکستان نےان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان لاہور کے تمام ذمے داران اور کارکنان کو اسٹیشن کی 85ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتےہوےکیا۔انہوں نے کہا 1965کی جنگ میں ریڈیو پاکستان لاہور کامثالی کردار دشمن کو بھی ہمیشہ یاد رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اسٹیشن نے اپنے قیام سے اب تک صرف ایک براڈ کاسٹنگ ہاؤس کا فریضہ ہی انجام نہیں دیا بلکہ ایک اکادمی کا کردار بھی ادا کیا ہے۔محمد طاہر حسن نے کہا کہ اس اکادمی نے ادب، ثقافت اور ڈرامہ سمیت متعدد اصناف ادب کی ترویج و ترقی میں ہی بنیادی کردار ادا نہیں کیا بلکہ کردار سازی اور ادارہ سازی کو بھی بنیاد فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان لاہور کا یہ تاریخی کردار باعث فخر ہے ۔ڈائریکٹر جنرل محمد طاہرحسن نے کہاکہ لاہور اسٹیشن قد آور فن کاروں اور مصنفوں کا جانشین ہے جنھوں نے روایات قائم کیں۔ ان کے جانشین کی حیثیت سے اس پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ ان عظیم بزرگوں کی جلائی ہوئی شمع نہ صرف روشن رکھیں بلکہ اس کی لو میں مزید اضافہ بھی کریں۔










