اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق ممبر قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے وفاقی وزیر شیری رحمان کی گفتگو پر ردعمل میں کہا کہ کمال ہے کہ ایک تجربہ کار سیاستدان ایک ناپختہ سیاسی سوچ کے حامل بچے کو وزیرِ خارجہ کا قلمدان ملنے پر فخر محسوس کر رہی ہیں،عوام جانتے ہیں کہ اس نااہل سیاسی بچے کو زبردستی آئین شکنی اور ضمیر فروشی کے عمل کے تحت وزیر خارجہ مسلط کیا گیا،بلاول زرداری کو سیاسی اور خارجہ امور سے متعلق کوئی معلومات ہی نہیں ہیں،ملیکہ بخاری نے کہا کہ سیاسی نااہل بچے نے کشمیر کا مقدمہ کیا لڑنا ہے،وہ اپنے ملک میں ہی بنیادی انسانی حقوق کا دفاع نہیں کر سکتا،نامور صحافی ارشد شریف کو ہراساں اور قتل کیا گیا مگر بلاول زرداری کے منہ سے ایک لفظ نہ نکل سکا،پاکستان میں اعظم سواتی سمیت عوامی نمائندوں پر تشدد ہوا انکی تذلیل ہوئی مگر یہ جمہوریت کا علمبردار خاموش رہا،سندھ میں ناظم جوکھیو کے قتل سمیت برملا انسانی حقوق کی پامالیاں ہوتی رہیں مگر بلاول چپ بیٹھا رہا،شاہ رخ جتوئی کو پیپلز پارٹی کے وکیل نے عدالت سے ریلیف لے دیا مگر انسانی حقوق کا نام نہاد ٹھیکیدار وہاں بھی نہ بول سکا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خارجہ پالیسی کی مقبولیت اور مسلم امہ میں انکے وقار کا ایک ناپختہ وزیر خارجہ کبھی مقابلہ نہیں کر سکتا،عمران خان نے اپنے لائحہ عمل اور اصولی موقف سے یہ بتایا کہ وہ کشمیر کے سفیر ہیں،عمران خان نے اپنے دور میں ہر بین الاقومی فورم پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے موقف کو باآواز بلند اٹھایا،عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ ہم کبھی بھی کشمیریوں کے ساتھ ہو رہے ظلم و زیادتی پر سودہ نہیں کر سکتے،عمران خان کا اصولی موقف تھا کہ بھارت سے تعلقات کشمیر کی حیثیت کی بحالی تک آگے نہیں بڑھ سکتے۔
عمران خان نے بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے موقف کو باآواز بلند اٹھایا،ملیکہ بخاری








