بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلاول سے متعلق بیان:منو پل بنسل نے تصدیق کردی مودی واقعی گجرات کا قصائی ہے،سنجرانی

اسلام آباد(ممتازنیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بی جے پی کے لیڈر منو پل بنسل کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی بولی لگانے سے متعلق بیان دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر کا یہ بیان مودی سرکار کے خلاف  اس بات کی تصدیق کی کہ وہ واقعی گجرات کا قصائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسے خیالات اور نظریات کی کوئی گنجائش نہیں۔ مودی کے ہاتھ آج بھی معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی وزیراعظم ایک مجرمانہ سوچ رکھنے والی شخصیت ہے اور ان کے ایک لیڈر کے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں استعمال کیے گئے الفاظ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم ان ریمارکس کا نوٹس لے اور عالمی قوانین کے تحت ایکشن لیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ مودی سرکار کے مظالم سے دنیا بخوبی واقف ہے۔ آج مقبوضہ وادی بھی جیل کی شکل اختیار کر چکی ہے اور وہاں بچوں، بزرگوں، خواتین اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہاہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت کی جانب ایسے جارہانہ بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی قیادت خطے کے امن کو داؤ پر لگانے کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہے۔ بھارت خطے میں تھانیدار کا کردار اختیار کرنے کے درپے ہے اور تخریبی سوچ کو لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے بھارتی قیادت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کی کوشش کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی قیادت پاکستانی وزیر خارجہ کے بارے میں سفارتی آداب سے گرے ہوئے الفاظ استعمال کر رہی ہے۔