اسلام آباد:صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، ممکن ہے یہ معاملہ عدالتوں میں جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے احمد بلال محبوب نے کہا کہ پنجاب میں کیچر کا دنگل ہے، یہ معاملہ عدالتوں سے گھومتے ہوئے طاقتوروں کے پاس جائے گا، اگر معاملے کو آئین و قانون کے مطابق چلایا جائے تو وزیراعلیٰ کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
احمد بلال نے پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنا مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے اس وقت تک اسمبلی نہیں توڑ سکتے، اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کرنے کا مقصد اسمبلی کو تحلیل ہونے سے روکنا ہے۔
اعتماد کے ووٹ سے متعلق صدر پلڈاٹ نے اسمبلی قواعد کے رول 22 کا حوالہ دیا کہ ’وزیراعلیٰ نے اگر اعتماد کا ووٹ لینے سے بچنے کی کوشش کی تو تصور کیا جائے گا کہ پرویز الٰہی کے پاس اکثریت موجود نہیں، جس کے بعد گورنر پنجاب اس متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینا ہے تو انہیں 186 ووٹ لینے ہوں گے۔‘
پرویز الٰہی کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، یہ معاملہ عدالتوں میں جائے گا،صدر پلڈاٹ








