کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گوادرکے ماہی گیروں کو بوٹ انجن کی خریداری میں مدد فراہم کرنے کیلئے 82 کروڑ 27 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزارت خزانہ میں وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں مارگلہ بلاک میں میسرز ایم او ایل کے 30 فیصد ورکنگ انٹرسٹ میسرز ماڑی پیٹرولیم کو دینے کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کیلئے 82 کروڑ 27 لاکھ 50 ہزار روپے کے تنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، یہ گرانٹ بلوچستان فشریز ڈیپارٹمنٹ کے پاس رجسٹرڈ ماہی گیروں کیلئے بوٹ انجنز کی خریداری پر صرف ہوگی۔
ای سی سی کے اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کیلئے 200 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کویت سے کریڈٹ سہولت کے حوالے سے سمری کو مؤخر کردیا گیا۔
ای سی سی اجلاس، گوادر کے ماہی گیروں کیلئے 82 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور








